وزیر اعلی ٰمریم نواز نے صوبے کے عوام کے دل جیت لیے ہیں؛بلال اکبر خان

17

لاہور،22اپریل  (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی سستی روٹی اور طالب علموں کیلئے اپنی سواری اپنی خودمختاری جیسی کاوشوں نے صوبے کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔

ان خیالات  کا اظہار صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ٹرانسپورٹ ہائوس میں ایک  اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام ریجنل دفاتر کے افسران نے بھی اجلاس میں آن  لائن شرکت کی جس میں طالب علموں کیلئے20  ہزار بائیکس فراہمی پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اس دوران وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے تمام متعلقہ حکام کو  طالب علموں کیلئے مکمل راہنمائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی سواری کے خواہشمند ہر طالب علم کی اپلائی کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کریں۔طالب علموں کو یقین ہے کہ ہماری حکومت  لیپ ٹاپ سکیم کی طرح  بائیک سکیم بھی کامیاب بنائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک طالب علموں کی بڑی تعداد نے بائیکس پراجیکٹس میں اپنی بھرپور دلچسپی دکھائی ہے۔بہت سے طالب علموں اس سلسلے میں راہنمائی چاہتے ہیں جس کیلئے یونیورسٹیز میں ان کے پاس آپ  خود جائیں۔وزیر اعلی  پنجاب مریم نواز کا یہ عزم و خواہش ہے کہ ہمارے طالب علموں کی سفری پریشانیاں ختم ہوں۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران اپنے اضلاع اور علاقوں میں روڈ شوز اور ایونٹس منعقد کرکے سکیم سے متعلق آگاہی دیں۔میں خود بھی تعلیمی اداروں کے دورے کر کے وزیر اعلی پنجاب کے حقیقی ویژن کو طالب علموں تک پہنچا رہا ہوں۔بائیکس سکیم سے جڑے  تمام متعلقہ حکام بھی طالب علموں تک پہنچ کر ان کی رہنمائی کریں۔

علاوہ ازیں نے انہوں نے ضمنی الیکشن میں میں ن لیگ کی زبردست  کامیابی پر مریم نواز کی کارکردگی کو لوگوں کے اعتماد کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی  پنجاب کی چند ہفتوں کی محنت اور کارگردگی نے ضمنی الیکشن میں مخالفین کے منہ بند کرا دیئے ہیں۔  عوام نے ضمنی انتخابات میں ووٹ بھروسے، کارکردگی اور اچھی امید کو دیے ہیں،ہمیں لوگوں کی امید پر پورا اترنے کیلئے وزیر اعلی پنجاب کے ہر منصوبے کو کامیاب بنانے میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ طالب علموں کی دلچسپی کو مدنظر رکھیں تو20 ہزار بائیکس بہت کم ہیں،دوسرا فیز بھی جلد لانچ کریں گے،اگلے فیز میں الیکٹرک بائیکس کی تعداد بڑھا کر طالب علموں کی یہ فرمائش بھی پوری کر دیں گے،ہماری چند روز کی حکومت میں  سستی روٹی اور اپنی سواری جیسی کامیابیوں نے لوگوں کی امیدوں کو بڑھا دیا ہے،حکومت کا ہر گزرتا دن عوام کی بھلائی کیلئے کی گئی کاوشوں کی خوبصورت داستان رقم کرے گا۔