اسلام آباد،2اپریل (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت سے سینیٹ کی دو نشستوں پر حکمران اتحاد کے امیدوار اسحاق ڈاراور رانا محمود الحسن کامیاب ہو گئے۔
منگل کو قومی اسمبلی ہال میں وفاقی دارالحکومت سے سینیٹ کی خالی ہونے والی ٹیکنو کریٹ کی ایک اور ایک جنرل نشست پر انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جو 4 بجے تک جاری رہا۔ نماز ظہر کا وقفہ کیا گیا۔ بعد ازاں پریزائیڈنگ آفیسر نے ہال کے دروازے بند کروا کر ایجنٹوں کی موجودگی میں گنتی کروائی۔
اسلام آباد سے ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادی جماعتوں کے امیدوار محمد اسحاق ڈار 222 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار راجہ انصر محمود نے 81 ووٹ حاصل کئے۔ جنرل نشست سے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادی جماعتوں کے امیدوار رانا محمودا لحسن 224 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار فرزند حسین نے 79 ووٹ حاصل کئے۔ جنرل نشست کیلئے سفید جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئے سبز رنگ کے بیلٹ پیپر استعمال کئے گئے۔