لاہور 31 مئی(اے پی پی): لاہور میں ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی اور پنجاب میں ایرانی باشندوں کی سکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی سفارتخانے سے پولیس رابطہ افسر کرنل امید سروری، کمرشل اتاشی علی اصغر موغری وفد میں شامل تھے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، دیگر حکام کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ آئی جی پنجاب اور سینئر پولیس افسران نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر رفقا کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایرانی صدر کی شہادت پوری امت مسلمہ کے لئے عظیم نقصان، عالم اسلام ایک نڈر لیڈر سے محروم ہو گیا۔
ملاقات میں لا انفورسمنٹ کے حوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ بارے اتفاق کیا گیا۔ آئی جی پنجاب اور سینئر پولیس افسران نے ایرانی قونصل جنرل کو پنجاب پولیس میں کی گئی ٹیکنالوجی بیسڈ اصلاحات سے آگاہ کیا، ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ پنجاب پولیس اور ایرانی پولیس ٹریننگ اور استعداد کار میں اضافے کیلئے وفود کا باہم تبادلہ کریں گے۔
آئی جی پنجاب نے وفد کو سنٹرل پولیس ڈیش بورڈ پر ہیومن ریسورس، پولیس سٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم سمیت کمیونٹی پولیسنگ پروگرامز سے آگاہ کیا، ایڈیشنل آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، سی ٹی او لاہور، ایس پیز اور سینئر افسران موقع پر موجود تھے۔











