لاہور،31مئی 🙁 اے پی پی ) وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی سے پنجاب اسمبلی چیمبر میں اقوام متحدہ کی فوڈ و ایگریکلچر آرگنائزیشن(FAO) کی نمائندہ فلورنس رولی(Florence Rolle) نے ملاقات کی۔اجلاس میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب عاشق حسین کرمانی نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں انوسٹمنٹ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کا فوکس زرعی شعبہ کی ترقی پر مرکوز ہے جس کے حصول کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ 400 ارب روپے کی خطیر رقم سے “ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام “پر عمل درآمد جاری ہے۔ کاشتکاروں کو بلا سود زرعی قرضوں کی فراہمی، زرعی مشینری کے فروغ اور دیگر کے لیے عملی کاوشیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت زراعت کے شعبہ میں 10لاکھ کسانوں کو دو سال کی مدت میں 150ارب روپے کا بلا سود قرضہ فراہم کرے گی۔حکومت پنجاب کسانوں کو25ہزار جدید زرعی مشینری و آلات 60فیصد سبسڈی پر فراہم کرئے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے سموگ کنٹرول پروگرام اور ٹیوب ویلز کی سولر پر منتقلی پر عملدرآمد جاری ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے لائیو سٹاک شعبہ کی بہتری کے لیے متعدد پروگرام منظور کیے ہیں۔پرائیویٹ سیکٹر اور فارمرز کی حوصلہ افزائی کر کے گوشت کی برآمدات میں اضافہ کیا جائے گا۔فٹنینگ پروگرام کے تحت 50ہزار فارمرز کو 4لاکھ جانوروں کے لیے بلا سود قرض کارڈ کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انیملز کے کمپارٹمنٹس، ویکسین لگانے،انسیمینیشن ،ٹرسبیلیٹی اور بریڈ ایمپورئمنٹ پر بھی فوکس کیا جائے گا۔











