بی ایف سی کاسرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار،دیگر شہروں میں بھی ایسے سینئر بنائیں گے؛چوہدری شافع

5

 

لاہور،5مئی(اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے اتوار کو یہاں  ملاقات کی، وفد کی قیادت ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چئیرمین ذکی اعجاز کررہے تھے،  ملاقات کے دوران انڈسٹری کو درپیش مسائل و فروغ کیلئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت  نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالے سے ایسی پالیسی لارہے ہیں جس سے صنعتکاری کا عمل تیز ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ایوان  ہائے صنعت و تجارت سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر رہا ہوں، انڈسٹری کے مسائل باہمی مشاورت سے حل کئے جائیں گے،  انڈسٹری کا فروغ اور نئی سرمایہ کاری لانا میرا عزم ہے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ بزنس  فسیلیٹیشن سینٹرز سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، صوبے کے دیگر شہروں میں بھی ایسے سینٹرز بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں سولر ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے غیر ملکی سولر کمپنیوں سے مفید بات ہوئی ہے، کوشش ہے کہ رواں سال صوبے میں سولر مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ پہلے موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس کو آباد کیا جائے گا اور پھر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنے گی جبکہ آئندہ  کوئی نئی انڈسٹریل اسٹیٹ زرعی زمین پر نہیں بنے گی۔انہوں نے کہاکہ انڈسٹری کے  فروغ کیلئے ایف پی سی سی آئی کی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

 سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،ایڈیشنل سیکرٹری کامرس،سینئر اکنامک ایڈوائزر اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔