ملتان،07 مئی)اے پی پی ):چئیرمین سینٹ مخدوم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کا خطہ انتہائی اہمیت کا حامل اور وطن عزیز کی فوڈ سکیورٹی کا ضامن ہے۔
یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورے کے موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ہماری اولین خواہش ہے کہ اس خطے کے لئے الگ ہائیکورٹ اور پبلک سروس کمیشن قائم کیا جائے۔
چئیرمین سینٹ نے بتایا کہ وزارت اعظمیٰ کے دوران انہوں نے وفاقی حکومت کی ملکیت ریلوے کی جگہ سی ایم ہاوس کی تعمیر کے لئے مختص کی تھی جہاں اب کمشنر ہاوس قائم ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب میں تعمیر و ترقی کا عمل مزید تیزکرنے کے لئے مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے اپنی کامیابی کے بہت سے سنگ میل عبور کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ کی رِنگ فینسگ کی وجہ سے خطے کو تعمیر و ترقی کی نئی شاہراہ پر گامزن کردیا گیا ہے اور سیکرٹریٹ کے قیام سے لیکر اب تک بہت سے میگا پراجیکٹس پایہ تکمیل تک پہنچائے گئے ہیں۔
فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مختلف ڈیپارٹنمنٹس کو منفرد اقدامات کا اعزاز حاصل ہے جس میں کشتی رانی کے مقابلے،سکولمپکس گیمز اور ہاکی لیگ کا انعقاد، ٹرانس جینڈر اور صبح نو سکولوں کے قیام اور سکولوں میں گرین بک کے اجراء کے اقدامات شامل ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ خطےمیں گڈ گورنس اور پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔