خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کیلئے نئی پالیسیز متعارف کررہے ہیں؛ سید فخر جہان

24

 

پشاور،22 مئی(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ ہم صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے  پالیسی متعارف کررہے ہیں جس کے نتیجے میں ہر کھیل سے متعلق 15 باصلاحیت کھلاڑیوں کودیگر سہولیات کیساتھ  اسکالرشپس فراہم کئیے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر سول سیکریٹیریٹ پشاور میں پشاور زلمی گروپ کے ایک وفد سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا جنھوں نے چیف آپریٹنگ آفیسر  میاں عباس لائق کی سربراہی میں مشیر کھیل سے ملاقات کی۔وفد میں ہیڈ آف مارکیٹنگ احد خان بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر بھی موجود تھے۔

سید فخر جہان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دوران مختلف کھلاڑیوں میں اعلی کارکردگی دکھانے پر انکی حوصلہ افزائی کیلئے نقد انعامات سے نوازا گیا ہے جبکہ نوجوانوں کی ترقی اور انھیں معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے دس لاکھ تا ایک کروڑ روپے تک بلاسود قرضہ سکیم شروع کررہے ہیں جس کے تحت نوجوان کلسڑز کی بنیاد پر یہ قرضہ حاصل کرکے اپنے لئیے باعزت روزگار شروع کرسکیں گے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے مختصر دورانئے میں بہتر مالی انتظام کی بدولت سپورٹس فیسلیٹیز سے آمدن انا بھی شروع ہوگیا ہے اور اس سلسلے میں ایک مہینے کے دوران صرف حیات آباد سپورٹس کمپلیکس نے ایک ملین روپے کی کمائی کی ہے جسے سپورٹس کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود ہی پر خرچ کیا جائے گا۔

سید فخر جہان نے صوبے میں کرکٹ کھیل کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ پشاور زلمی گروپ کے  تعاون کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ محکمہ سپورٹس اس حوالے سے مزکورہ گروپ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔