لاہور 22مئی ( اے پی پی ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں پرائس کنٹرول کونسل کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا ۔
کونسل نے سیکرٹری خوراک اور سیکرٹری زراعت پر مشتمل اپیلیٹ کمیٹی تشکیل دیدی۔کمیٹی پروڈیوسر ،ڈیلر،امپورٹر ،سیلر کے خلاف کارروائی کے حوالے سے آن کی اپیلوں کی سماعت کرے گی-کونسل نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کمپوزیشن کی بھی منظوری دی۔ڈپٹی کمشنر پرائس کنٹرول کمیٹی کا چیئر پرسن جبکہ سرکاری افسران اور ایسوسی ایشن کے نمائندے ممبران ہوں گے-
ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اشیاء ضروریہ کی دستیابی ،سپلائی اور قیمتوں پر نظر رکھیں گی-پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی بھی مانیٹر کریں گی-قیمتوں کے تعین میں ڈسٹرکٹ کنٹرولر کی معاونت کریں گی-ڈپٹی کمشنرز کو ایک ہفتے کے اندرکمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کردی گئی۔کونسل نے ریت کے ساتھ سینڈسٹون،سلٹ سٹون،سلیٹ سٹون اور گریول کو اشیاء ضروریہ کے شیڈول میں شامل کرنے کی بھی اجازت دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے، حکومتی کاوشوں کی بدولت قیمتوں میں استحکام آیا ہےعوام کو اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ادارے متحرک رہیں غفلت اور کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی مانیٹرنگ کا مستقل لائحہ عمل ضروری ہےاس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے,پرائس کنٹرول کے حوالے سے مڈل مین کے کردار کو محدود کرنا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول ایک چیلنج ہے تاہم اس سے نمٹنے کیلئے مربوط کاوشیں کرنا ہوں گی، صوبائی وزیر کو قیمت پنجاب ایپ کی ورکنگ بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔سیکرٹری خوراک، سیکرٹری لائیو سٹاک، سپیشل سیکرٹری زراعت ،ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔











