راولپنڈی،11 مئی (اے پی پی ):پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے زیر اہتمام گورکھپور میں” کمشنر نیزہ بازی فیسٹیول 2024 “کا انعقاد کیا گیا، مقابلوں میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی ٹیموں نے حصہ لیا اور حاضرین کو گھڑ سواری اور نیزہ بازی کی مہارت سے مسحور کیا۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے بھی پنڈال کا دورہ کیا اور ڈی جی پی ایچ اے کو نیزہ بازی فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے اس موقع پر کہا کہ پی ایچ اے راولپنڈی گورکھپور نرسری میں تاریخی ” کمشنر نیزہ بازی فیسٹیول 2024 “کا انعقاد کرنے میں کامیاب ہوا۔انہوں نے کہا کہ نیزہ بازی ایک روایتی کھیل ہے جس کا آغاز 18ویں صدی سے ہوا اور یہ کھیل ہماری دیہی ثقافت کو پیش کرتا ہے۔پنجاب کے دیہاتوں اور میلوں میں نیزہ بازی بہت مشہور ہے اور حالیہ برسوں میں اس کھیل کو شہروں میں بھی دیکھا اور سراہا جا رہا ہے۔
میلے میں رنگ برنگی پگڑیاں سروں پر سجائے گھڑ سواروں اور نیزہ بازی کلبز کے شرکاء کا کہنا تھا کہ نیزہ بازی جراتمند اور بلند حوصلہ جوانوں کا کھیل ہے جس کی حکومتی سطح پر پذیرائی اس کھیل کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت کی بنیادی وجہ ہے۔
کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے تقریب کے اختتام پر گھڑسواروں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری تفریح اور سپوٹس ایکٹیوٹیز مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور اس حوالے سے پی ایچ اے کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیا۔











