ساہیوال : سٹوڈنٹس کونسلز کا قیام نوجوانوں کو ملک کی قیادت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے تیار کرنا ہے، اے ڈی سی

28

ساہیوال،23 مئی ( اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید عثمان بخاری نے کہا کہ  تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹس کونسلز کا قیام نوجوانوں کو ملک کی قیادت کرنے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے تیار کرنا ہے، طلبا وطالبات کو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کریں اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، سٹوڈنٹ کونسلز کلاسز میں ہم نصابی سرگرمیوں میں سب طلبہ کی شرکت کو بھی یقینی بنائیں۔

یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید عثمان بخاری نے گورنمنٹ کمپری ہنسو سکول ساہیوال میں سٹوڈنٹ کونسلز کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سید عثمان بخاری نے کہا کہ  یہاں پر یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان سٹوڈنٹ کونسلز کے لئے تمام کلاسز میں باقاعدہ الیکشن کرائے گئے جس میں طلبا وطالبات نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ ان کونسلز کی بنیادی ذمہ داری کلاسز میں ڈسپلن قائم کرانااور طلبا و طالبات کی تعلیمی ضروریات پورا کرنے کے اقدامات اٹھانا ہے۔

  اس سے پہلے اپنے خطبہ استقبالیہ میں سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اکرام نے بتایا کہ ضلع ساہیوال کے تمام سرکاری بوائز اینڈ گرلز سکولوں میں ان کونسلز کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے اور توقع ہے کہ یہ کونسلز بچوں میں ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کریں گی۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے شہر کے مختلف سکولوں کی سٹوڈنٹ کونسلز کے نو منتخب نمائندوں سے حلف لیا۔