سرگودھا؛ڈپٹی کمشنر کیجانب سے لوڈ ایکسل پر سو فیصد عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت

6

سرگودھا،06 مئی(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے لوڈ ایکسل پر سو فیصد عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے خلاف ورزی کی صورت میں ٹرانسپورٹ اور ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس دوران ڈپٹی کمشنر نے بھاری گاڑیوں پر ذائد لوڈ کا سخت نوٹس لیا۔ ڈپٹی کمشنر  نے سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کو خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دن کے علاؤہ رات کے اوقات میں بھی بھاری گاڑیوں کی مانیٹرنگ  یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے  واضح کیا کہ گاڑی پر زیادہ لوڈ کی صورت میں کریشر کے مالک کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، اسی طرح کوئی مال بردار ٹرانسپورٹر ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی کرے تو نہ صرف انہیں بھاری جرمانے کیے جائیں گے بلکہ گاڑیاں بھی بند کی جائیں گی۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مال بردار ٹرانسپورٹرز ذاتی مفاد اور کاروبار کی خاطر گاڑیوں میں مقرر کردہ وزن سے زائد مال لوڈ کرتے ہیں جس سے نہ صرف قومی شاہراہوں کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ حادثات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے اہم شاہراہوں پر ایکسل لوڈ کے حوالے سے سائن بورڈز نصب کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

اجلاس میں ایس پی ہیڈ کوارٹر ضیاء اللہ ،سیکرٹری ڈی آر ٹی اے، ٹریفک پولیس ، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور لیز ہولڈرز کے نمائندوں سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔