سیالکوٹ، سیکرٹری لیبر و انسانی وسائل کا ڈی جی لیبر کے ہمراہ قائد اعظم ورکرز ویلفیئر سکولز کا دورہ

22

 

سیالکوٹ۔ 07 مئی (اے پی پی):سیکرٹری لیبر و انسانی وسائل پنجاب نعیم غوث نے ڈی جی لیبر سیدہ کلثوم حئی کے ہمراہ قائد اعظم ورکرز ویلفیئر سکولز کا دورہ کیا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  نعیم غوث نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ورکرز کیلئے مالکانہ حقوق پر رہائشی کالونی اور ان کے بچوں کیلئے  سکولز کی تعمیر کیلئے ورکرز یونین کی مشاورت سے مجوزہ منصوبے کابینہ کو بھجوائے جائیں گے اور جلد ان منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبہ کے اضلاع کے دوروں کا مقصد ان سکلز ورکرز کو کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے اور ورکرز کے کام کرنے کی جگہ پر سیفٹی انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ پنجاب تجارت اور صنعت  کے فروغ کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں  ہے۔

نعیم غوث اور  کلثوم حئی نے  قائد اعظم ورکرز ویلفیئر گرلز اور بوائز سکولوں کا  دورہ کیا اور بچّوں کو فراہم کی جانے والی تدریسی سہولیات کا جائزہ لیا۔

 انہوں نے کہا کہ پلے گروپ میں بچوں کیلئے فوڈ اور دودھ کی فراہمی کا پراجیکٹ زیر غور ہے۔ انہوں نے لیبر یونین کی جانب سے نئے ورکرز ویلفیئر سکولوں کے قیام کیلئے تجاویز اور آراء طلب کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کریں گے اور تعلیمی اور صحت کی سہولیات کو بہتر سے بہترین بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں گے۔  انہوں نے  قائد اعظم ورکرز ویلفیئر سکولوں میں کمپیوٹر لیب کو بحال کرنے کے احکامات جاری کئے۔