لاہور، 2 مئی ( اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی ایرانی قونصل جنرل کی رہائش گاہ آمد،ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر سے ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب اور ایران کے مابین زراعت، لائیو سٹاک، سولر انرجی، زرعی آلات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
ایرانی قونصل جنرل نے چوہدری شافع حسین کو وزارت صنعت و تجارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دوستی کا مضبوط رشتہ قائم ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان سے تعلقات کے نئے باب کا اضافہ ہوا ہے، دورے کے دوران باہمی تعاون کے 3معاہدے اور 5 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب اور ایران کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے، گیس پائپ لائن منصوبہ وقت کی ضرورت اور اہمیت کا حامل ہے،ایسے معاہدوں اور اقدامات کی ضرورت ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب میں سولر پینلزبنانے کے کارخانے لگیں ،ایران میں سولر پینلز بن رہے ہیں، سولر پینلز کی مینو فیکچرنگ میں تعاون بڑھایا جاسکتا ہے،پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سازگار ماحول بھی موجود ہے۔
ملاقات میں سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن ،ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری اعجاز احمد اور بزنس کمیونٹی کے نمائندے اسدوڑائچ، نعمان شیخ، فیصل وڑائچ، ظہیر عباس اور دیگر بھی موجود تھے۔