اسلام آباد،08 مئی (اے پی پی): وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے ہدایت کی ہے کہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائےاور حج آپریشن کے دوران حجاج کے فیڈ بیک اور آراء کو خصوصی اہمیت دی جائے گیا،اس دوران کسی اہلکار کی غفلت و سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر کی زیر صدارت حج آپریشن پر زوم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں مکہ سے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور چاروں ڈائریکٹر زنے حج 2024 کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے کہا کہ جاری حج آپریشن سے متعلق حجاج کرام سے سروے کے بعد ڈیٹا بھی مرتب کیا جائے۔
ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے کہا کہ تین طوافہ کمپنیوں کو ایام حج میں منی عرفات کی سہولیات کیلئے ہائر کیا ہے ۔مدینہ منورہ میں تمام پاکستانی عازمین حج کو مرکزیہ میں رہائش دی جائے گی اور سرکاری حجاج کو مکہ میں عزیزیہ، بطحا قریش اور حئی نسیم میں رہائش دی جائے گی۔
ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستانی عازمین حج کو مکہ اور مدینہ میں دو ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کے ذریعے طبی سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ مکہ اور مدینہ میں رہائش، خوراک اور سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے معاونین حج کا دستہ اپنی زمہ داریاں سنبھال چکا ہے۔