عوام کے حالات زندگی کو بہتر بنانے اور معاشی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے غربت میں کمی کا پروگرام (پی پی آر) قابلِ ستائش اقدام ہے؛اطالوی سفیر ماریلینا ارمیلن

22

اسلام آباد،27مئی  (اے پی پی):  پاکستان میں اطالوی سفیر ماریلینا ارمیلن نے کہا ہے کہ عوام کے حالات زندگی کو بہتر بنانے اور معاشی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے غربت میں کمی کا پروگرام (پی پی آر) قابلِ ستائش اقدامات ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے  اطالوی حکومت کے باہمی تعاون کے عزم کو سراہا۔سفیر ماریلینا ارمیلن نے پروگرام کے نفاذ کی اہمیت پر زور دیا جو اطالوی حکومت کی جانب سے بامعنی شراکت داری کو فروغ دینے اور پاکستان میں غربت کی پیچیدہ و مستقل نوعیت سے نمٹنے کے لیے 40 ملین یورو کے نرم قرض کے ذریعے ممکن ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد اطالوی فنڈ سے “بلوچستان، خیبرپختونخوا، نئے ضم شدہ فاٹا کے اضلاع اور پڑوسی اضلاع میں دیہی ترقی کے ذریعے غربت میں کمی کے پروگرام (پی پی آر)” کے حتمی اثرات کا جائزہ لینا تھا جس سے نمٹنے کی اجتماعی کوششوں میں شاندار کامیابی کی نشاندہی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ درحقیقت اعلی سطح کی شمولیت اور حمایت پروگرام کے کامیاب نتائج و غربت کے خاتمے کے لیے مشترکہ لگن کی عکاسی کرتی ہے۔

پاکستان میں غربت میں تخفیف کے اس پروگرام کو پی پی اے ایف نے 17 پارٹنر تنظیموں کے ساتھ مل کر نافذ کیا جس میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے 14 اضلاع کی 38 یونین کونسلز شامل ہیں۔