قصور۔29مئی(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لوگوں کو ان کی دہلیز پرعلاج معالجہ فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں خسرہ کے کیسز رپورٹ ہونے پرپوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ لاہور جنرل ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرزکا بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ کیا۔
ڈاکٹرز نے بچوں کا طبی معائنہ کیا، والدین کو حفاظتی تدابیر کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر الفریدظفرنے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ والدین اپنے بچوں کو خسرہ کی بیماری سے بچاؤ کی ویکسین کے ٹیکے لگوائیں ،والدین اپنے نو نہالوں کی صحت پر نگاہ رکھیں، خسرہ کی علامات نظر آنے کی صورت میں سرکاری ہسپتال سے رجوع کریں،جن بچوں کو ہسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت ہوگی انھیں ایل جی ایچ بھیجا جائیگا‘بچوں کو خسرے جیسی وبائی مرض سے بچانا ہم سب کی مشترکہ اور انفرادی ذمہ داری ہے۔
پروفیسرالفریدظفرنے کہا کہ پنجاب حکومت کے میڈیکل کے شعبے میں اقدامات لائق تحسین، مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں‘بابا بلھے شاہ ہسپتال کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایا جائے گا‘ڈاکٹرز اور طبی عملے کے تعاون سے بیماریوں کی روک تھام اور صحت مند معاشرہ قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں خسرہ سے بچاؤ و رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن قائم کردی گئیں‘لاہور جنرل اسپتال سے قصور پہنچنے والی میڈیکل ٹیم میں پروفیسرمحمد شاہد، پروفیسر فہیم افضل اور نوجوان ڈاکٹرز شامل ہیں۔