مع السلامہ اور الدعوہ اکیڈمی اسلامک یونیورسٹی نے تعاون سے پہلی حج و عمرہ نمائش2024 کا انعقاد

6

 

اسلام آباد،4مئی  (اے پی پی):پاکستان کی پہلی اور منفرد حج و عمرہ نمائش اور ٹریننگ  2024 کا انعقاد فیصل مسجد کے علامہ اقبال آڈیٹوریم میں کیا گیا، نمائش کے انعقاد کے لئے مع السلامہ  اور  الدعوہ اکیڈمی اسلامک یونیورسٹی نے  تعاون فراہم کیا جس کا آغاز ہفتہ سے ہو گیا ہے، یہ دو روزہ  حج و عمرہ تربیہ نمائش اتوار کو نماز عصر تک جاری رہے گی۔

 افتتاحی سیشن میں منظم اور بہترین انداز میں عازمین حج و عمرہ کے لیے تربیتی نشست کا باقاعدہ آغاز دن 11 بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا جس میں ملک کے معروف ڈاکٹر قاری عبدالرحمن البازئی نے تلاوت سے ایمان تازہ کیا۔ اسے کے بعد معروف نعت خواں اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شریعہ ایڈوائزر خواجہ سلطان قمر  نے حمد و نعت پیش کی اور شرکاء نے ان کے کلام سے ایمانی حلاوت حاصل کی۔ اس کے بعد الدعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر آئی آر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاالحق نے اپنی قیمتی گزارشات اور اپنے حج و عمرہ کے دوران پیش آنے والے تجربات سے زائرین کو روشناس کروایا اور قیمتی نصائح کیں۔

اس موقع پر سابق ایم این اے مولانا صلاح الدین ایوبی  نے سفرحج پر  مفصل خطاب کیا اور ڈاکٹر اسد اللہ  نے ادارے کا مکمل تعارف اور انکی خدمات کو تفصیل سے پیش کیا۔   مع السلامہ کے چیف ایگزیکٹیو معراج الدین اسیف   نے  پاکستان میں اس نمائش کی غرض و غایت بیان کی اور بتایا کہ پوری دنیا سے عازمین حرمین شریفین  جاتےہیںاوراپنی ساری زندگی کی کمائی کو اکٹھا کر کے اس سعادت کو حاصل کرتےہیں لیکن مسائل کی عدم واقفیت اور درست تربیت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے سب سے زیادہ پاکستان سے جانے والے زائرین غیر منظم اور پریشانی کا شکار ہوتے ہیں جو کہ انتہائی قابل افسوس ہے، اس تناظر میں  مع السلامہ نے اپنی بساط میں یہ فیصلہ کیا کہ ہم ان شااللہ پورے ملک میں عوام کو راہنمائی فراہم کرنے اور انھیں جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ اس سفر میں زیر استعمال اشیا کی فراہمی بھی بہترین انداز میں کریں گے تاکہ زائرین عملی مشقتوں کے ساتھ اس سفر کا روحانی لطف بھی درست انداز میں اٹھا سکیں۔

 دوروزہ تربیعہ حج و عمرہ نمائش ایک ہفتے کے نوٹس پر طے کی گئی ہے جس کے پہلے مرحلے میں محدود سطح پر لوگوں کو مدعو کیا گیاہے، آئندہ سال اس نمائش کو بہت بڑے پیمانے پر ملکی سطح پر اور ہر بڑے شہر میں منعقد کیا جائے گا۔

 مع السلامہ کی اس دو روزہ نمائش اور تربیتی سیشن میں عوام الناس اور زائرین نے بھرپور انداز میں شرکت کی اس نمائش میں  حرمین شریفین کے ماڈلز  اور سلائیڈ آڈیو وڈیو پریزینٹیشن کے ساتھ اور جدید وی آر ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے حج و عمرہ کی عملی تربیت کا انتظام کیا گیا۔ اس نمائش سے عوام الناس تک بڑے پیمانے پر درست انداز میں راہنمائی فراہم کرنے کا موقع  فراہم کیا گیا اور مع السلامہ کی طرف سے مختلف حج عمرہ کمپنیوں کے سٹال کا بھی انتظام کیا گیا  جہاں مع السلامہ کی حج و عمرہ پروڈکٹ کے ساتھ دیگر اداروں کو بھی متعارف کروایا گیا ہے جو کسی نہ کسی انداز میں عازمین حج وعمرہ کو مختلف خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

 پہلے دن کے اختتامی سیشن میں کمپنی کے ایگزیکٹیو معراج الدین اسیف کی طرف سے سٹاف کے لیے عمرہ کی قرعہ اندازی کی گئی جس میں احمد خان ان کے سٹاف ممبر کا نام سب کی موجودگی میں قرعہ نکلا اور اس سال کے حج کے بعد انہیں  یہ سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ یہ دو سالوں میں پانچویں سٹاف ممبر ہیں جنکا نام قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ کے لیے منتخب کیا گیا ہے ۔ اس عمرہ پیکج کی دوسری قرعہ اندازی کل پروگرام کے اختتام پر کی جائے گی جس میں حاضرین میں سے کسی ایک فرد کو یہ سعادت میسر آئے گی۔ اس قرعہ اندازی میں صرف ان لوگوں کا نام شامل کیا جائے گا جنھوں نے پروگرام میں شرکت کی ہو گی، اس لیے آپ بھی وہ خوش نصیب ہوسکتے ہیں۔

اتوار کو دن گیارہ بجے  دوسرے اور آخری سیشن کا آغاز قاری ابوبکر کی تلاوت سے ہوگا۔ حضرات بھرپور شرکت کریں اور نہ صرف اس پروگرام کی آگاہی حاصل کریں بلکہ عازمین میں اپنا نام بھی شامل کروائیں ۔