ملتان؛ ڈپٹی کمشنر کا نہروں سے مٹی چوری کے واقعات پر سخت ایکشن

9

ملتان، 02مئی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے نہروں سے مٹی چوری کے واقعات پر سخت ایکشن لے لیا ہے، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے اچانک سکندری نہر،ہیڈ محمد والا سمیت مختلف حفاظتی بندوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

 اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فیضان احمد ریاض، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق اور اسسٹنٹ کمشنر صدر عامر افتخار نے بریفننگ دی ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے محکمہ آبپاشی کو تمام نہروں کی انسپکشن اور مٹی کا لیول چیک کرنے کا حکم بھی جاری کیا اور کہا کہ نہروں سے مٹی چوری میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا بھی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سکندری نالہ سمیت مختلف نہروں سے مٹی چوری ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر سخت ایکشن لیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری پراپرٹی کے غبن میں ملوث محکموں کی کالی بھیڑوں کا محاسبہ کرینگے اور سرکاری مٹی سمیت معدنیات کو صرف رجسٹرڈ فرمز کو ہی اٹھانے کی اجازت دینگے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر حفاظتی بندوں سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی ہدایات جاری کیں۔