موسمی تبدیلی کی وجہ سے پھیلنی والی بیماریوں کیخلاف موثر اقدامات کئے جائیں ؛ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

4

گلگت ،02 مئی (اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے حالیہ موسمی تبدیلی کی وجہ سے نزلہ، زکام اور بخار جیسے بیماریوں کے پھیلنے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی تھی کہ گلگت  بلتستان میں بڑے پیمانے پر نزلہ، زکام اور بخار کی وباء پھیل رہی ہے جس کو قابو پانے اور اس کے تدارک کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

وزیر اعلیٰ کے ان احکامات کی روشنی میں صوبائی سیکریٹری صحت اور دیگر متعلقہ آفیسران نے وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان اور صوبائی وزیر صحت کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ موسمی تبدیلی کی وجہ سے پھیلنے والی بیماریوں پر قابو پایا گیا ہے ،ان بیماریوں کی وجہ سے اب تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ 1321 نزلہ، زکام اوربخار کے مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔ نمونیا کے 2100 مریضوں کا مختلف ہسپتالوں میں مکمل علاج کیا جاچکا ہے۔ صوبے میں پھیلنے والے نزلہ، زکام اور بخار کی وباء پر مکمل قابو پایا گیا ہے۔ بعض علاقوں میں بچوں کو خسرے کے ویکسینیشن نہ کرانے کی وجہ سے بچوں میں خسرے کی شکایات موصول ہورہی ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے گلگت اور دیامر میں چھ ماہ سے پانچ سال تک کے بچوں کو خسرے سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن کی جارہی ہے اور اس حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کیا جاچکا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان نے اس موقع پر ہدایت کی کہ جن علاقوں میں بچوں میں خسرے کی شکایت موصول ہورہی ہیں ان علاقوں میں مکمل ویکسینیشن کو یقینی بنائیں اور ہسپتالوں میں نمونیا کے مریضوں کی علاج کیلئے درکار انجکشن اور ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔