ملک میں گندم درآمد کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کرتی ہے،پنجاب حکومت کا اس حوالے سے کوئی تعلق نہیں ؛وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

4

 

لاہور،6مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں گندم درآمد کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کرتی ہے،پنجاب حکومت کا اس حوالے سے کوئی تعلق نہیں  ہے،گندم خریداری میں وفاقی حکومت کی بد نیتی شامل نہیں،پنجاب حکومت بیرونی ممالک سے نہیں کسانوں سے گندم خریدتی ہے۔

پیر  کو یہاں ایف آئی اے آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ گندم درآمد کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کرتی ہے، پنجاب حکومت گندم کسانوں سے خریدتی ہے،باہر کے ممالک سے نہیں اس لیے پنجاب حکومت کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں بنتا،پنجاب اپنا ایک کوٹہ مختص کرتا ہے کہ ہم نے اتنی گندم خریدنی ہے،ملک میں گندم کے اسٹاک کے حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرتی ہے،کچھ لوگوں کی خواہش ضرور ہے کہ میرے خلاف کوئی نہ کوئی انکوائری ہو جائے،لیکن اللہ تعالی کا شکر ہے کہ میں اور میری ٹیم نے ایک فیصد بھی کوئی ایسا کام نہیں کیا ہے،بطور وزیر اعلی پنجاب بھی اپنی ٹیم کے ساتھ پوری ایمانداری کے ساتھ کام کیا،جس کے لیے میں احتساب کے لیے بھی تیار ہوں،میرے خیال میں گندم خریداری میں وفاقی حکومت کی بھی بدنیتی شامل نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ  نے کسی صوبائی حکومت کا گندم خریداری معاملے میں حوالہ نہیں دیا،میڈیا میں اس حوالے سے معاملہ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا،نگران وزیر اعظم نے کہا کچھ اور تھا لیکن حقائق کو جانے بغیر نشر کر دیا گیا۔

محسن نقوی نے کہاکہ بر وقت اقدامات سے اوور بلنگ کے خاتمہ سے عوام کو بہت ریلیف فراہم کیا ہے،اپریل کے مہینے میں لیسکو میں کوئی اوور بلنگ نہیں ہوئی،صارفین کو31 کروڑ یونٹ واپس کئے گئے،جس سے عوام کو بہت ریلیف ملا ہے،ایف آئی اے خاص طور پر لاہور ریجن نے قلیل وقت میں اوور بلنگ کے خاتمے کیلئے بہت اچھا کام کیا،جس کی وجہ سے اوور بلنگ کافی حد تک  رکی ہے،ملوث افسران  کے خلاف102 مقدمات درج کئے گئے،آج بھی شیخوپورہ میں ایک ایس ای کو گرفتار کیا گیا،چھوٹے ملازمین کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی کیونکہ وہ احکامات کے پابند ہوتے ہیں،وزرات توانائی کا بھی شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے اس حوالے سے ہمیں سپورٹ کیا،وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اس حوالے سے آگاہ کیا گیا تو انہوں نے ہمیں سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں اور وفاقی وزیر خواجہ آصف مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ایئرپورٹس کا دورہ کر رہے ہیں،ہم دونوں نے چند روز قبل لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹس کا دورہ کیا اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا،مسافروں کے رش کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے لاہور ایئرپورٹ پر8   کاؤنٹرز بڑھا دیے ہیں،جس سے مسافروں کو روانگی اور آمد کے دوران اب 2  سے3  گھنٹے انتظار نہیں کرنا پڑے گا،اسی طرح سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بھی مسافروں کو روانگی کے دوران مسئلہ آ رہا تھا اور  وہاں پہ بھی اضافی کاؤنٹرز بنانے کے لیے ہدایت کر دی ہے۔