برٹش کونسل اور یونیسف وفد کا سوشل ویلفیئر دفتر کا دورہ،صوبائی وزیر سے ملاقات

4

 

لاہور،6مئی(اے پی پی):برطانوی ہائی کمیشن لاہور آفس کی ہیڈکلارا سٹرینڈہوج   کی قیادت میں برٹش کونسل اور یونیسف کے وفد نے سوشل ویلفیئر  و بیت المال کے دفتر کا دورہ کیا، وفد نے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ سے اہم ملاقات کی۔

صوبائی وزیر نے اسٹیک ہولڈرز کے اہم اجلاس کی صدارت کی،سیکرٹری سوشل ویلفئیر اقبال حسین اور ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر آمنہ منیر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ایف سی ڈی او سے علی نقوی، ڈپٹی ہیڈ برٹش ہائی کمیشن سعید الحسن،یو این ایف پی اے سے تانیہ درانی،آواز2 سے یاسمین زیدی اور ارشد محمود،یونیسف سے زاہدہ منظور اور ازلان بٹ صوبائی وزیر سے ملاقات کرنے والے وفد میں شامل تھے۔

اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر کی جانب سے شراکت داروں کے ساتھ سوشل ویلفیئر کے منصوبوں میں ممکنہ تعاون پر اورینٹیشن دی گئی۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے برٹش ہائی کمیشن کے ساتھ باہم اشتراک سے معاشرے کے محروم طبقات کی بحالی کے اقدامات پر زور دیا اور اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے معاشرتی رویے میں تبدیلی لانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔صنفی تشدد،زیادتی کا شکار خواتین کی مدد،چائلڈ میرج کی روک تھام پر قانون سازی اور پہلے سے موجود قوانین پر عملدرآمد کی ضرورت پر مکمل اتفاق رائے بھی کیا گیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فوکس قوانین بنانے کے بعد ان کے اطلاق پر ہے،قوانین پر سختی سے عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بے سہارا،نادار خواتین اور بچوں کی بحالی کے برٹش کونسل کے پروگرام آواز 2 کی مدد سے بے وسیلہ خواتین اور بچوں کا سہارا بنیں گے۔

 صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ  نے  کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب دارلامان،دارالفلاح،چمن،کاشانہ اور دیگر اداروں کی حالت زار میں تبدیلی کا عزم رکھتی ہیں۔ دارلامان،درالفلاح اور ماڈل چلڈرن ہومز سے فارغ ہونے والوں کے لئے بہترین ایگزٹ پلان تشکیل دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرانس جینڈرز ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں،ان کو بے سہارا چھوڑا نہیں جا سکتا،ٹرانس جینڈرز کو ڈرائیونگ، ککنگ، نرسنگ اور دیگر شعبوں میں تربیت دینے کے لیے پالیسی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مذاہب کی خواتین کو بھی صنفی تشدد کے خلاف مکمل تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرامز ہمت کارڈ اور نگہبان کارڈ کے لیے معذور افراد کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کا آغاز ہو چکا ہے،فٹ فار ورک معذور افراد کو انٹرسٹ فری قرضے دینے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر ہیڈ برٹش ہائی کمیشن لاہور آفس نے کہا کہ برٹش ہائی کمیشن بے وسیلہ خواتین،بچوں اور معاشرے کے دیگر بے وسیلہ طبقات کے لئے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب خاتون ہیں،ان کی قیادت میں پنجاب میں خواتین کے خلاف صنفی تشدد اور صنفی امتیاز کا مکمل خاتمہ ہو گا۔