لاہور پولیس کی کارروائی، جارڈن گینگ گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی

2

 

لاہور،6مئی(اے پی پی):وزیراعلیٰ مریم نواز  کی ہدایت پرا نسداد منشیات مہم میں پنجاب پولیس کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔پولیس نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائی کرنے والے سب سے بڑے جارڈن گینگ کوگرفتار کرکے  بھاری مقدار میں  منشیات برآمد کر لی۔جارڈن گینگ لاہور میں منشیات سپلائی کرنے والا پراسرار اور بااثر گینگ سمجھاجاتا ہے جومیکسیکو اور دیگر ممالک سے منشیات سے بھری امپورٹڈ چاکلیٹ کوریئر سروسز کے ذریعے بیچ رہا تھا۔ ماری جوانا، آئس،چرس،افیون اور دیگر منشیات امپورٹڈ پیکنگ میں مہیا کی جاتی تھیں۔

جارڈن کے نام سے سرگرم عمل محمد ایوب پاکستان میں مختلف ذرائع سے منشیات سپلائی کررہا تھا۔ جارڈن گینگ کے محمد علی، عزیز، محمد ندیم، ثمینہ افتخار، ثنا اور فاطمہ زہرہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ سنٹرل ایشیا، کینیڈا، میکسیکو اور دیگر ممالک سے چاکلیٹ، ٹافی وغیرہ کی شکل میں منشیات بھیجی جاتی تھی۔

 ملزمان فیک آئی ڈی کے ذریعے پاکستان میں موجود سپلائر سے رابطہ کرکے منشیات مہیا کررہے تھے۔ پنجاب پولیس نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر خصوصی آپریشن کیا اور آئی ٹی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا۔ ڈی ایچ اے فیز6میں جارڈن گینگ کے پانچ ا رکان اور 9گن مین پکڑے گئے۔

 وزیر اعلیٰ نے پولیس ٹیم کو سی ایم آفس بلواکر شاباش دی ، پولیس  کی کارروائی کو سراہا اور محنت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پولیس ٹیم کے ساتھ  تصویر بھی بنوائی۔آئی جی،سی سی پی او، ایڈیشنل سیکرٹری لا اینڈ آرڈر،ایس ایس پی اور دیگر حکام بھی  اس موقع پر موجود تھے۔