لاہور،11 مئی (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیرِ صدارت پنجاب میں نئے بلدیاتی قانون کی تیاری کیلئے قائم کمیٹی کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلی کی قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کی جبکہ کو کنوینر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، ارکان اسمبلی، سیکرٹری بلدیات نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس نے یونین کونسل کی آبادی کے تعین کے لئے مختلف تجاویز پر بحث کی۔وزیر بلدیات نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام پر حتمی فیصلے سے قبل ہر پہلو پر غور ہوگا، ہارڈ ایریاز کا تعین کرنے سے پہلے متعلقہ ایم پی ایز سے مشاورت ہوگی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ نئی ٹائون کمیٹی یا وارڈز بنانے کے مالیاتی پہلوئوں اور ایچ آر کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔رانا سکندر حیات نے کہا کہ دیہی اور شہری آبادی کا تعین کرنے کیلئے ہر علاقے کی نئی میپنگ ضروری ہے۔











