وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کا دورہ انتہائی کامیاب رہا،عرب امارات نے 10 ارب ڈالر پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مختص کئے ؛ عطاءاللہ تارڑ

18

اسلام آباد، 24 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کا دورہ انتہائی کامیاب رہا،عرب امارات نے 10 ارب ڈالر پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مختص کئے ہیں۔

جمعہ کے روز وزیر تجارت جمال کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ  نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ڈلیور کرنا جانتے ہیں، انہوں نے واضح کیا ہے کہ ہمیں امداد نہیں چاہئے، ہم جہاں جاتے ہیں، سرمایہ کاری اور تجارت کی بات کرتے ہیں ، پاکستان اور یو اے ای کی آئی ٹی کمپنیوں کے درمیان معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے، تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ وفاقی حکومت سے پہلے صوبائی حکومتیں اپنا بجٹ پیش کریں، یہ وفاقی حکومت کے بجٹ تخمینہ کا خود تعین کرنے چلے ہیں، وفاق تمام صوبوں اور اکائیوں کو ملا کر چلنا چاہتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے ایس آئی ایف سی کو پاکستان کی لائف لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ منفی پروپیگنڈے کے باوجود پاکستان میں سرمایہ کاری ہو کر رہے گی، ایس آئی ایف سی سنجیدہ فورم ہے اور اسکے تحت سرمایہ کاری پر بھرپور کام ہو رہا ہے۔

عطا تارڑ نے محاذ آرائی کی سیاست کرنے کی کوشش کرنے والوں سے کہا کہ سیاسی  بیان بازی میں اتنا آگے مت جائیں، وفاق نے کبھی بھی کسی صوبے کے ساتھ ایسا رویہ نہیں رکھا جس سے کسی تعصب کا تاثر جاتا ہو، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تعصب پیدا کرنا چاہتے ہیں جس میں کامیاب نہیں ہوں گے۔