لاہور؛ 15 مئی ( اے پی پی ) وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیرصدارت لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی تیاری کیلئے اجلاس منعقد ہوا ۔سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں نئے ایکٹ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔کمیٹی کے ممبر ارکان پنجاب اسمبلی اور متعلقہ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔سیالکوٹ، اوکاڑہ اور رحیم یار خان کا بلدیاتی درجہ بڑھانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں پانچ لاکھ سے زائد آبادی اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں میٹروپولیٹن کارپوریشن بنانے کی تجویز پیش کی گئی یونین کونسل کی آبادی کے تعین اور ٹائون کمیٹیوں کے قیام پر مشاورت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ نئی قانون سازی میں سابق تجربات کو مدنظر رکھا جائے گا، وزیراعلی مریم نواز شریف پنجاب میں ایک موثر بلدیاتی نظام چاہتی ہیں، انہوں نے کہا کہ کمیٹی اپنی سفارشات صوبائی کابینہ کو بھجوائے گی، نئی قانون سازی سے قبل تمام پہلوئوں پر غور کیا جا رہا ہے۔