تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے؛ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

8

 

گلگت،06مئی (اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

 قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ثانوی نظام تعلیم اور امتحانی بورڈ کا کردار کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان  نے کہا کہ سرکاری سکولوں کو قراقرم یونیورسٹی بورڈ سے دوبارہ منسلک کرنے سے قبل صوبائی وزراء کی اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی تھی جس نے فیڈرل بورڈ، آغاخان بورڈاور پشاور بورڈ کا دورہ کرکے اپنی سفارشات پیش کرنی ہے،کمیٹی نے اپنا دورہ مکمل کرکے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دی ہے۔ آئندہ کابینہ اجلاس سے قبل صوبائی وزراء کی کمیٹی خصوصی اجلاس میں اپنی سفارشات کو منظوری کیلئے پیش کرے گی جس میں وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اور چیئرمین ریفارمز کمیٹی و ممبر گلگت  بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کو بھی مد عو کیا جائے گا۔

 وزیر اعلیٰ نے کہاکہ آئندہ کابینہ اجلاس میں سرکاری سکولوں کو قراقرم بورڈ سے منسلک کرنے کی حتمی منظوری دی جائے گی جس سے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو درپیش مالی مشکلات حل ہوں گے۔

 اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ،بورڈ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اداروں کی بہتری کیلئے پرعزم ہے، گلگت  بلتستان کے عوام میں اہلیت موجود ہے، ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر سرکاری سکولوں کا قراقرم بورڈ سے الحاق ختم کرنا غلط فیصلہ تھا، ہم علاقے کے وسیع تر مفاد میں کام کررہے ہیں، تمام شعبوں کی بہتری کیلئے خصوصی اصلاحات کئے جارہے ہیں۔