وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین سے جاپانی سفیر کی ملاقات

3

اسلام آباد،6مئی  (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سیکیورٹی رانا  تنویر حسین سے  پاکستان میں جاپان کے سفیر مسٹر واڈا مٹسوہیرو نے پیر کو یہاں ملاقات  کی جس میں  دو طرفہ تعاون  کے فروغ سمیت باہمی  دلچسپی کے امور  پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر  رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ   جاپان پاکستان کا انتہائی قریبی دوست ہے اور پاکستان جاپان کے ساتھ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں اہم کردار ادا کر رہا ہےموجودہ حکومت جاپانی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے   جس کے نتیجے میں  توقع ہے کہ مزید جاپانی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صنعت اور زرعی ترقی کیلیے پختہ عزم کر رکھا ھے اسی لیے  صنعت اور زراعت کی ترقی کیلیے سرمایہ کاروں کو  سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔