گلگت بلتستان کی ترقی کےلیے وفاقی حکومت بھر پور تعاون جاری رکھے گی؛ انجینئر امیر مقام

31

گلگت،11مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان وسیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان معدنیات کی دولت سے مالامال ہے۔ گلگت بلتستا  ن کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت بھر پور تعاون جاری رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ساتھ گلگت سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اور ایم این اے محمد ادریس بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جواختیار ہمیں ملا ہے اس کو یہاں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے استعمال کریں گے، ہماری حکومت نے گندم کا مسلہ حل کیا  اور اگلے سال کے سبسڈی کی رقم کا بندوست کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت کا حب ہے،اس کی ترقی کے کام کریں گے، جن منصوبوں پر اس وقت کام جاری ان پر کام تیز کرنے کے چیف سیکریٹری اور دیگر ذمہ داران کو  ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ  ہینزل پاور پراجیکٹس کے ریوائز پی سی ون کے لیے کام کروں گا تاکہ اسکو 40 میگا واٹ تک لے جایا سکے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان  معدنیات کی دولت سے مالامال ہے اس کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔ گلگت بلتستان کے آ ئینی حقوق کے مسئلے کے حل کے لیے کام ہو رہا ہے،اس کا جلد حل نکالیں گے ، اس مسئلے کے لیےہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم اپیلٹ کورٹ میں ججز کی تعیناتی کے لئے کوشش کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  پاک چین تجارت سے منسلک تاجروں کے مسائل کے حل کے بھی کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ  9 مئی کے حوالے سے میں گلگت بلتستان کی عوام کو داد دیتا ہوں کہ وہ اس سازش کا حصہ نہیں بنے، ایسا گھناونا ً کام کوئی محب وطن شہری نہیں کر سکتا جو کہ ایک شر پسند پارٹی کے لوگوں نے کیاہے، اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے یہ لوگ بیرونی ایجنڈے پر کا م کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی توڑ پھوڑ کے نتیجے میں عوامی، سرکاری اور دفاعی تنصیبات کو تباہ کرنا تصور سے باہر ہے جو افراد اس توڑ پھوڑ میں شامل ہیں ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔