پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری اہم ہے؛ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

6

 

اسلام آباد،6مئی  (اے پی پی):  وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا  ہے کہ پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری ضروری ہے اور سعودی سرمایہ کاروں کا دورہ پاکستان اسی سلسلے کی ایک  اہم کڑی ہے۔

ان خیالات کا  اظہار وفاقی وزیر نے  پیر کو یہاں  پاکستان سعودی عرب انویسٹمنٹ فورم 2024 سے خطاب میں کیا۔  وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  حکومت معیشت کی ترقی اور  استحکام کے لیے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی حکمت عملیوں اور سٹرکچرل اکنامک ریفارمز پر کام  کر رہی ہے جس سے ملکی معیشت مزید ترقی کرے گی۔ اس وقت ملکی معیشت میں تمام معاشی اشاریے مثبت جا رہے ہیں جو ملکی معیشت کی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں توانائی کا شعبہ بہت اہمیت کا حامل ہے اور توانائی میں اصلاحات جاری ہیں ،   زراعت میں 5 فیصد اضافہ ہو رہا ہے  ، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میکرو اکنامک انڈیکیٹرز مثبت میں جا رہا ہے جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں سال فیڈرل ریونیو میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں  مہنگائی کم ہو کر 17 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے حصص بڑھ رہے ہیں اور پی ایس ایکس مسلسل توازن میں ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تین اعلیٰ سطحی وفود کا تبادلہ ہوا ہے جبکہ آج سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کا دورہ پاکستان بھی اسی اقتصادی تعاون کی راہ ہموار کرنے کا ایک حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اب نجکاری کی طرف بڑھ رہی ہے اور پی آئی اے کی بھی نجکاری کی جائے گی،برآمدات میں ترقی اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی)  میں اضافہ حکومت کی ترجیحات ہیں۔