پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو بیرونی ممالک میں جاسوسی کے لیے جوابدہ ٹھہرائے جو کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے

7

اسلام آباد ، 02 مئی ( اے پی پی): پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو  بیرونی ممالک میں جاسوسی کے لیے جوابدہ ٹھہرائے جو کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ان خیالات کا اظہار دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بروز جمعرات اسلام آباد میں  ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کا جاسوسوں کا بڑھتا ہوا نیٹ ورک عالمی برادری کے لیے تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی پاکستان کی سرزمین پر  دہشت گردی کے حملوں میں بھارتی ایجنٹوں کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت پیش کر چکا ہے۔یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور انصاف کے بنیادی اصولوں اور مناسب عمل کے خلاف غیر قانونی کارروائیاں ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول پر امن کو یقینی بنائے اور ایسی کوئی کارروائی کرنے سے باز رہے جس سے مشکلات پیدا ہوں۔

پاک ایران دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرتا رہے گا اور دونوں ممالک کے پاس پاک ایران سرحد پر امن کو یقینی بنانے کے لیے انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی کے معاملات پر بات چیت کرنے کا طریقہ کار موجود ہے۔

بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر قابض رہنے کے  بارے میں ترجمان نے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور جذبہ آزادی کو کبھی دبا نہیں سکتے۔