گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، جنگلی حیات بڑے پیمانے پر موجود ہیں ؛ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان

5

گلگت،02 مئی (اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ گلگت  بلتستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے،یہاں کا بیشتر حصہ جنگلات پر مشتمل ہے جس کی وجہ سے ان جنگلات میں جنگلی حیات بڑے پیمانے پر موجود ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف اور ماحولیات کے زیر اہتمام خنجراب نیشنل پارک انٹری فیس کا 75 فیصد کمیونٹی شیئرز کے چیکس کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔

 وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ خنجراب نیشنل پارک کو کامیاب بنانے اور اس سے استعفادہ حاصل کرنے کے حوالے سے خنجراب ویلجرز آرگنائزیشن اور غلکن کنزرویشن کمیٹی کا کردار مثالی رہا ہے۔ انہوں  نے کہاکہ دیگر نیشنل پارکس کی کامیابی اور ان پارکس سے استعفادہ حاصل کرنے کیلئے متعلقہ کمیونٹیز کو خنجراب ویلجرز آرگنائزیشن کے تجربے سے استعفادہ حاصل کرنا چاہئے۔ خنجراب نیشنل پارک کی کامیاب کنزرویشن کی وجہ سے دنیا بھر میں اس علاقے کا نام روشن ہورہا ہے۔ داریل، تانگیر اور استور اور دیگر اضلاع میں بھی کنزرویشن کمیٹیوں کو فعال بنانے کی ضرورت ہے، ان علاقوں میں بھی کنزرویشن کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے استعفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

 وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر جنگلات حاجی شاہ بیگ اور سیکریٹری جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ داریل، تانگیر اور استور کا دورہ کرکے عوام میں کنزرویشن اور اس فوائد کے حوالے سے آگاہی پیدا کریں اور کنزرویشن کمیٹیوں کو فعال بنائیں۔ چند لوگوں کی جانب سے نیشنل پارکس کے قیام کے حوالے سے منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جو حقائق پر مبنی نہیں۔ نیشنل پارکس کا قیام علاقے کے وسیع تر مفاد میں ہے اور متعلقہ کمیونٹیز ان نیشنل پارکس سے بھرپور استعفادہ حاصل کرسکتے ہیں جس کی کامیاب مثال خنجراب نیشنل پارک ہے۔

 وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر خنجراب نیشنل پارک کے قیام کے 50 سال مکمل ہونے پر خنجراب نیشنل پارک میں سرکاری سطح پر پروگرام کے انعقاد کا اعلان کیا جس میں دیگر نیشنل پارکس کے کنزرویشن کمیٹیوں اور متعلقہ کمیونٹیز کو خصوصی دعوت دی جائے گی تاکہ نیشنل پارکس کے قیام اور ان نیشنل پارکس کے فوائد کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جاسکے۔

 اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے خنجراب نیشنل پارکس انٹری فیس کمیونٹی شیئر کی مد میں خنجراب ویلجرز آرگنائزیشن کو مقامی سیاحوں سے حاصل ہونے والی انٹری فیس 2 کروڑ 66 لاکھ 94ہزار8 سو64روپے کا چیک اور بین الاقوامی سیاحوں سے حاصل ہونے والی انٹری فیس 9439 ڈالرز کا چیک بھی خنجراب ویلجرز آرگنائزیشن کو دیا۔ غلکن کنزرویشن کمیٹی کو مقامی سیاحوں سے حاصل ہونے والی انٹری فیس 23 لاکھ 21ہزار 293 روپے کا چیک اور بین الاقوامی سیاحوں سے حاصل ہونے والی انٹری فیس 821 ڈالرز کا چیک بھی غلکن کنزرویشن کمیٹی کو دیا۔