صوبائی کابینہ کا بجٹ اجلاس ، بلوچستان کابینہ نے مالی سال 2024/25 کے بجٹ تجاویز کی منظوری دیدی

25

کوئٹہ۔ 21 جون (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا بجٹ اجلاس منعقد ہوا، بلوچستان کابینہ نے مالی سال 2024/25 ء کی بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی،  بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو ترجیح دی گئی  زراعت ، لائیو سٹاک،  منرل اینڈ مائنز کی ترقی کے منصوبے نئے بجٹ میں شامل کرلئے گئے،کابینہ نے نئی پنشن کنٹری بیوشن سکیم کی منظوری دے دی ، نئی پنشن سکیم کا اطلاق نئے مالی سال سے نافذ کرنے کی تجویز  ہے۔

صوبائی کابینہ کو محکمہ خزانہ نے بریفنگ میں بتایا گیا کہ  بجٹ میں تین ہزار نئی آسامیاں شامل ہوں گی ۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار 70 فیصد منظور شدہ ترقیاتی منصوبے بجٹ تجاویز کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں پر پہلے ماہ سے ہی کام شروع کر دیا جائے گا۔  وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی  نے کہا کہ تمام صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی اپنے اپنے محکموں اور حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے،  منصوبوں پر عمل درآمد میں سست روی کا مظاہرہ کرنے والے محکموں کو مزید فنڈز کا اجراء نہیں کیا جائے گا،  منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں پر بروقت کام مکمل کرنے والے محکموں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔  کابینہ نے اتفاق کیا کہ آئندہ مالی سال سے سو فیصد منظور شدہ ترقیاتی منصوبے بجٹ میں شامل ہوں گے۔