مشیر کھیل فخر جہان نے عوام کی گزارش پر لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن دفتر میں پرت کے حصول کیلئے الگ کاؤنٹر کھولنے کی یقین دہانی کردی

7

پشاور،24 جون(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے پیر کے روز بونیر تحصیل گاگرہ میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائز یشن منصوبے کے سروس ڈیلیوری سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں پر عوام کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

مشیر کھیل نے اس موقع پر مقامی سائلین اور عوام سے مذکورہ سرکاری مرکز  کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے دریافت بھی کیا۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر تحصیل گاگرہ محترمہ تزین ظفر و دیگر افسران بھی مشیر کھیل کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر مشیر کھیل نے عوام کی گزارش پر لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائز یشن دفتر میں پرت کے حصول کیلئے الگ کاؤنٹر کھولنے کی یقین دہانی بھی کرائی اور اس سلسلے میں  متعلقہ حکام سے موقع ہی پر رابطہ کیا ۔

انھوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی یہ کوشش ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی دستیابی ان کی دہلیز پر فراہم کی جائے۔معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت اس عزم کے تحت عملی طور پر آگے بڑھ رہی ہے اور ہر شعبے میں عوام کو ریلیف اور آسانی فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انھوں نے اس موقع پر متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ عوام اور سائلین کیلئے دفاتر میں  آسانیاں پیدا کرے اور انھیں ہر ممکن سہولت فراہم کرے۔