طلباء کی اچھی تربیت کی تووہ مستقبل میں پاکستان کی تعمیروترقی میں اپنا کلیدی کرداراداکریں گے؛چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد

7

کوئٹہ، 22 جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم  یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ طلباء وطن عزیز کے معمار اور مستقبل کے درخشاں ستارے ہیں اگر ہم نے ان کی اچھی تربیت کی تو وہ مستقبل میں پاکستان  کی تعمیروترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے، پنجاب میں پنجاب انڈومنٹ فنڈ کی کامیابی کے بعد پاکستان انڈومنٹ فنڈ قومی سطح پر قائم کردیا گیا ہے تاکہ پورے ملک کے غریب طلباء اس فنڈ سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکین۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے  پیر کو بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ میں پاکستان پاورٹی الیویئشن فنڈ کے تعاون سے جاری پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرکے کامیابی سے کاروبار چلانے والے افراد  میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کے طلباء و طالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے انھیں فنی تربیت دی جائے تاکہ وہ اپنے صوبے کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔

وزیراعظم پاکستان یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ بلوچستان کے طلباء کافی چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں اس لئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی یہ خواہش ہے کہ  بلوچستان کے طلباء ان قومی پروگرامز سے بھرپور استفادہ  کرکے اپنے خاندان کو سماجی و معاشی طور پر مستحکم کریں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کریں۔

 اس موقع پر پاکستان پاورٹی الیویئشن کے چیف ایگزیکٹیو نادر گل بڑیچ نے بھی خطاب کیا اور پی پی اے ایف کے مختلف پروگرامز کی اہمیت پرروشنی ڈالی۔ قبل ازیں پرو وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر عبدالرحمن اچکزئی نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا جبکہ ڈائریکٹر این آئی سی محمد شاہ خان نے نیشنل انکیوبمنٹ سینٹر کی کارکردگی کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔