لاہور، 02 جولائی ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، سیکرٹری ایل جی بورڈ رضوان نذیر نے شرکت کی ۔
پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز، چیف آفیسرز بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے ۔صوبائی وزیر نے مون سون کے موسم میں کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیااور کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں موثر اقدامات کا حکم دیا ہے، عیدالاضحٰی پر جس طرح صفائی انتظامات کو سراہا گیا وہ باعث فخر ہے، وزیراعلی خود بھی دورے کر رہی ہیں، میں بھی اضلاع کے دورے کرونگا۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے آغاز میں ملنے والے سبق سے سیکھ کی اصلاح کی کوشش کریں،اضلاع میں دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے، جتنے وسائل ہیں اور افرادی قوت ہے وہ نکاسی آب کیلئے استعمال کریں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو مون سون آپریشنز کی تمام صورتحال سے آگاہ رکھا جا رہا ہے، کسی جگہ نالوں کی ڈی سلٹنگ نہیں ہوئی تو فورا صفائی کرائی جائے، حکومتی ہدایات پر بروقت عملدرآمد نہ ہونے پر کارروائی ہوگی۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز مون سون ایمرجنسی کیمپوں کا قیام یقینی بنائیں، تمام چیف آفیسرز کو مون سون پلان بھیجا جا چکا ہے۔