پھلو ں کا بادشاہ آم ، موسم گرما کی  خوش ذائقہ سوغات

20

اسلام آباد،  08جولائی   (اے پی پی): پاکستان کا قومی پھل اور پھلوں کا بادشاہ آم   ،  موسم گرما کی ایک اہم سوغات ہے  جو  ہر بچے بڑے کی پسند ہے جو  نا صرف بطور پھل بلکہ جام، اچار ، مربے  ااور شربت   سمیت مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے ۔

آم کا آبائی وطن جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا ہے   لیکن یہ دنیا کے تمام استوائی علاقوں میں ہوتا ہے۔پاکستان میں آم کی سالانہ پیداوار تقریباً 17 لاکھ ٹن ہے،  شمالی پنجاب پاکستان میں آم کی کل پیداوار کا 70 فیصد پیدا کرتا ہے جبکہ پاکستان آم کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا میں چھٹے اور آم کی  برآمد کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر ہے۔ایک اندازے کے مطابق پاکستان کی سالانہ آم کی  برآمدات000، 150میٹرک ٹن سے زائد ہے، اس برآمدات سے قومی خزانے کو سالانہ ایک کروڑ ڈالر  سے زائد کا فائدہ پہنچتا ہے۔

پاکستان میں آم کی 300 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں جن  میں سندھڑی، چونسہ، دوسہری، انور رٹول، لنگڑا، فجری، مالدا،  سفید چونسہ، کالا چونسہ ، الماس اور سرولی شامل ہیں  جبکہ پاکستان کے آم کی بڑی مارکیٹ مشرق وسطیٰ، یورپ، امریکہ، جاپان،  آسٹریلیا اور دیگر ممالک ہیں۔بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کی ایک اہم پہچان ہے ،  دنیا بھر میں پاکستان کے آم اپنے ذائقہ اور کوالٹی کے باعث بہت پسند کیے جاتے ہیں اس لیے اس کی   پیداوار کی حوصلہ افزائی اور اس کی ویلیو ایڈیشن کےذریعے   اسے پاکستانی معیشت کے لیے مزید منافع بخش بنایا جا سکتا ہے۔