ڈیرہ بگٹی،05 اگست (اے پی پی ):یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ و محکمہ تعلیم کی جانب سے تقریب و ریلی کا انعقاد کیا،تقریب میں ضلعی آفیسران سمیت عوام اور سکول کے بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حسنین احمد نے کہا کہ 5 اگست تاریخ کا سیاہ دن ہے ، آج کے دن کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ریاستی مظالم کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے ،عالمی برادری کو بھارتی ریاستی اداروں کے جبر اور ظلم کا نوٹس لینا چاہئے ۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اعجاز احمد نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آواز حق خودارادیت دبانا چاہتا ہے، اقوام متحدہ کی قرارداد کے عین مطابق کشمیریوں کو ان کا حق استصواب رائے دینا ہوگا۔
ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اعظم جان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانیوں اور مقبوضہ کشمیریوں کا رشتہ لازوال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہر بار یہ بھول جاتا ہےکہ پاکستانیوں اور کشمیری بھائیوں کے دل ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت اور تائید کرتے ہیں۔











