ہمیں مل کر ملک کی خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے کوششیں کرنا ہونگی ، ایم این اے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کی اے پی پی سے خصوصی گفتگو

3

اسلام آباد ،18 فروری(اے پی پی):خواتین پارلیمانی کاکس  کی سیکرٹری ایم این اے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے  حکومت کے تمام درجوں میں اجتماعی فیصلہ سازی میں خواتین کی شرکت کو بڑھانے  پر زور دیا۔

خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اے پی پی ویڈیو نیوز سروس(اے پی پی) سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  ہمیں مل کر ملک کی خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔

پارلیمنٹ میں خواتین کے دن کو منانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کا مقصد خواتین کے  دن کو قومی سطح پر منانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام  پارلیمانی اکائیوں کو اس ایونٹ میں اکٹھا کیا گیا ۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بھی نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ قانون سازی کے حوالے سے یکسانیت لے کر آئیں ۔

شاہدہ رحمانی کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی دفعہ فیڈرل کاکس کی کوششوں سے صوبائی کاکس کا قیام عمل میں لایا گیااور  تمام صوبائی کاکسز بننے کے بعد یہ پہلا اجلاس ہے جس میں ملک بھر کی  پارلیمانی کاکسز خواتین کی نمائندگی کر رہی ہیں،ان کے مسائل کو  زیر بحث لا رہی ہیں تاکہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے بہتر سے بہتر قانون سازی کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عام انتخابات میں خواتین رہنماؤں کے پارٹی ٹکٹوں کے کوٹے میں اضافہ کریں ۔ اور خواتین کے ملازمت کے کوٹے میں بھی اضافہ کریں۔