جمعۃ الوداع، ماہ رمضان کے رخصت ہونے کے احساس کے ساتھ عید کی خوشیوں کا پیامبر

3

اسلام آباد، 28 مارچ (اے پی پی): جمعۃ الوداع…   ! یہ دن جہاں نیکیوں کے موسم کے رخصت ہونے کا احساس دلاتا ہے، وہیں ایمان کی روشنی کو زندگی کا حصہ بنانے کی یاد دہانی اور عید کی خوشیوں کا پیامبر بھی ہے۔

 پاکستان بھر  میں جمعۃ الوداع اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیےیوم القدس منایا گیا۔

 جمعتہ الوداع کی مناسبت سے مساجد اور عوامی مقامات پر خصوصی اجتماعات منعقد کیے گئے،خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا جن میں

علماء کرام نے رمضان کی فضیلت، آخری عشرے کی اہمیت اور اس دن کی برکتوں پر روشنی ڈالی۔ تقویٰ، عبادت اور استغفار کو اپنی زندگی میں جاری رکھنے پر زور دیا، تاکہ رمضان کے فیوض و برکات ہم پر ہمیشہ سایہ فگن رہیں۔ نمازِ جمعہ کے بعد ملک بھر میں اجتماعی دعاؤں کا روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے،  اور رب کے حضور ملک کی ترقی، سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں خصوصاً فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

 یہ دن ہمیں سکھاتا ہے کہ رمضان کی روحانی روشنی کو اپنی زندگیوں میں ہمیشہ برقرار رکھیں، نیکی، عبادت اور محبت کے اس سفر کو رمضان کے بعد بھی جاری رکھیں۔