لاہور،14 اپریل(اے پی پی): ننکانہ صاحب کے مقدس مقام، گوردوارہ جنم استھان میں بیساکھی میلہ اور 326 ویں خالصہ جنم دن کی رنگارنگ تقریبات جاری ہیں۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔جنم استھان ننکانہ صاحب میں جاری مرکزی تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر مملکت برائے اقلیتی امور کھیٔل داس کوہستانی، اور صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، دیگر اراکین اسمبلی، اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔وزیر مملکت کھیٔل داس کوہستانی نے گوردوارہ جنم استھان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندو برادری کی جانب سے سکھ برادری کو بیساکھی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابا گورونانک کا فلسفہ محبت، امن اور انسانیت پر مبنی ہے جس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ اپنی رسومات ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھ یاتری پاکستان سے محبت اور احترام کے جذبات لے کر واپس جاتے ہیں، اور شاندار انتظامات پر انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ کمیونٹی کو بیساکھی اور خالصہ جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رواں برس 10 اپریل سے 6,800 ویزے جاری کیے گئے، جو ایک منفرد تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ کمیونٹی کی اتنی بڑی تعداد پہلی بار پاکستان آئی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور ہوم سیکرٹری کے تعاون کو سراہا۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ بہت جلد غیر فعال گوردواروں کو فعال کیا جا رہا ہے، اور یہ کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں، جب کہ بھارت میں اقلیتیں خود کو غیر محفوظ محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ بالخصوص ڈی سی اور ڈی پی او ننکانہ صاحب کو بہترین انتظامات پر شاباش دی۔
تقریب کا اختتام بین المذاہب ہم آہنگی اور بابا گورونانک کی تعلیمات پر عمل کرنے کے عزم کے ساتھ ہوا جبکہ صوبائی وزیر کی جانب سے شرومنی گوردوراہ پربندھک کمیٹی کے جتھہ لیڈرینگ بہادر سنگھ، دہلی گوردوراہ مینیجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر دلجیت سنگھ، جگجیت سنگھ پھلڑ ، سرنجیت سنگھ ، جہیندر کور، رویندر سنگھ ، سردارمہیش سنگھ ، سردار بیشن سنگھ ، بھگت سنگھ ، تارا سنگھ اور ممبران پاکستان گوردوراہ پربندھک کمیٹی کے ممبران کو سروپے پہنائے گئے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن قائم کرنے کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔