لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی میڈیا سے گفتگو

7

لاہور، 25 اپریل (اے پی پی): لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ آصف علی سے اوپن کروانا ٹیم پلان کا حصہ تھا، شاہین شاہ آفریدی بطور کپتان ہمیشہ نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد دلاتے اور میچ جتوانے کے لیے حکمت عملی کو تبدیل کرتے رہتے ہیں۔

حارث رؤف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی لاہور قلندر کا لاہور میں میچ ہوتا ہے تو کراؤڈ کی فل سپورٹ ہوتی ہے، جب پچ پر اترتے ہیں تو وکٹ کا برتاؤ سامنے آتا ہے جس سے اپنی حکمت عملی مرتب کرتے ہیں۔ آصف علی پر پورا اعتماد تھا اسی لیے اس سے اننگز اوپن کروائی لیکن اکثر اوقات آپ کی پلیننگ کام نہیں کرتی۔

کھلاڑی کو بطور ٹیم ہمیشہ میچ کی کنڈیشن کے مطابق پرفارم کرنا ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شائقین بابراعظم کی بیٹنگ کو پسند کرتے ہیں اور بابر اعظم کے ملک بھر میں مداح موجود ہیں جو انہیں کھیلتے دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

حارث کا مزید کہنا تھا کہ وہ آنے والے میچز میں لاہور قلندر کے فینز کو خوشی دیں گے،اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے اور کمبینیشن پر نظر ثانی کریں گے جو بھی ٹیم کے لیے بہتر ہوا۔

لاہور قلندرز کی باؤلنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کم سکورنگ میچ میں ہمیشہ اٹیکنگ بولنگ کرنی ہوتی ہے،جس میں رنز بھی بڑھتے ہیں اور وکٹ بھی حاصل ہوتی ہے ۔شاہین شاہ آفریدی نے اچھی کپتانی کی تبھی لاہور قلندر دو ٹائٹل جیتی ہے۔