ملتان 15 اپر یل(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر حج آپریشن 2025 کا آغاز کردیا گیا ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی حج آپریشن 2025 کے حوالے سے تیاریاں شروع ہوگئی ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان آرٹس کونسل میں حج آپریشن کے سلسلے میں تربیتی سیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
ڈائریکٹر حج ریحان کھوکھر اور ضلعی حکام سمیت عازمین حج نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے حج کیلئے منتخب ہونے والے خوش نصیب افراد کو مبارک باد بھی دی۔
محمد علی بخاری نے کہا کہ عازمین حج کو حکومت کی جانب سے تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ جنوبی پنجاب کے 10 ہزار سے زیادہ عازمین حج کو سلیکٹ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حج کیمپ میں سکیورٹی ،میڈیکل اور ویکسین سمیت تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔محمد علی بخاری نے مزید کہا کہ عازمین حج کی ٹرینگ کا دوسرا مرحلہ ختم ہوگیا ہے اس سلسلے میں حج فلائٹس جلد روانہ ہونگی۔