لاہور 23 اپریل ( اے پی پی ) المخطوم کالج آف ہائیر ایجوکیشن سکاٹ لینڈ کے پرو وائس چانسلر پروفیسر اعلیٰ الغراد نے کہا ہے کہ پاکستان کے تعلیمی شعبے میں بے پناہ ٹیلنٹ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی چاہتے ہیں کہ سکاٹ لینڈ کے تجربات اور ریسرچ سے پاکستان کے لوگ مستفید ہوں نئی ریسرچز اور دور حاضر کی ٹیکنالوجیز اپنا کر ہی اقوام ترقی کرتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیلے کالج آف کامرس پنجاب یونیورسٹی میں المخطوم کالج آف ہائیر ایجوکیشن سکاٹ لینڈ اور ہیلے کالج آف کامرس کے مابین میمورنڈم آف انڈر اسٹینڈنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ تاریخی ہیلے کالج آف کامرس میں آ کر بہت خوشی ہوئی یہاں کے طلباء و طالبات بہت ذہین ہیں ایم او یو سے یہاں طلباء اور اساتذہ المخطوم کالج آف ہائیر ایجوکیشن کا دورہ کر سکیں گے اور وہاں کی ریسرچ اور انٹرنیشنل معیار تعلیم سے مستفید ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور بہت خوبصورت ہے اور لاہوریوں کی مہمان نوازی نے بہت متاثر کیا ۔اس موقع پر ہیلے کالج آف کامرس کے پرنسپل ڈاکٹر حافظ ظفر احمد نے کہا کہ یہ ایم او یو بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ دنیا گلوبل ویلج کی شکل اختیار کر چکی ہے پوری کوشش کریں گے کہ اس ایم او یو سے فائدہ اٹھا سکیں ۔