اسلام آباد، 08 اپریل (اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی شپنگ کمپنی اے پی مولر۔میرسک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین رابرٹ میرسک سے ملاقات میں کمپنی کی پاکستان میں 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا اور کمپنی کے ساتھ کیے گئے یاداشتوں کو جلد از جلد معاہدوں کی شکل دینے کی ہدایات دیں۔
وزیراعظم نے عالمی شپنگ کمپنی کے ساتھ میری ٹائم سیکٹر میں اشتراک کے معاہدے کی تشکیل کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ بنانے اور ورکنگ گروپ کو ایک مہینے کے اندر سفارشات پیش کرنے کی ہدایات دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اے پی مولر۔میرسک کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں وسیع پیمانے پر مثبت تبدیلی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کے ہم خطے میں ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے پاکستان کو ایک قابل اعتبار اور مؤثر اقتصادی راہداری کے طور پر قائم کریں۔
رابرٹ میرسک نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے پر کشش قرار دیا۔
رابرٹ میرسک نے کہا کہ پاکستان کی بندرگاہوں میں لاجسٹکس کا جدید ترین نظام اور ا ن کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کر کے خطے میں بذریعہ سمندر تجارت کے لیے ایک منفرد مرکز قائم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
اے پی پی/احسن/فرح