لودھراں 28 اپریل )اے پی پی): وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اجتماعی شادیوں کے انقلابی اقدام “دھی رانی پروگرام ” کے دوسرے مرحلہ میں 58 مستحق جوڑوں کے ساتھ ساتھ ساتھ ضلع وہاڑی کے 2 جوڑے اور ایک مسیحی جوڑا شادی کے بندھن میں منسلک ہوا ۔ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب لودھراں کی مقامی میرج مارکی میں منعقد کی گئی ۔
تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی زبیر خان بلوچ، شازیہ حیات ترین سمیت سیکریٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال جاوید اختر محمود کی خصوصی شرکت ۔
تقریب میں نوبیاہتا جوڑوں کا استقبال روایتی بینڈ کی دلچسپ پرفارمنس اور جھومر پارٹی کے علاقائی رقص سے کیا گیا ۔ تقریب میں سیکریٹری سماجی بہبود و بیت المال جاوید اختر محمود، ایم پی اے شازیہ حیات ترین، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر اور ڈی پی او علی بن طارق نے نوبیاہتا جوڑوں کی نشستوں پر جا کر انہیں سلامی اور تحائف کی رقوم کے اے ٹی ایم کارڈز پیش کیے اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انھیں مبارکباد دی ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر جوڑے کو 2 لاکھ 21 ہزار روپے بطور تحائف پیش کیئے گئے۔نوبیاہتا جوڑوں نے سلامی اور تحائف کی فراہمی پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
رکن صوبائی اسمبلی زبیر خان بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام عوام کی فلاح کا حقیقی پروگرام ہے جس کی ماضی میں کہیں مثال نہیں ملتی ۔ انھوں نے کہا کہ یہ پروگرام حقیقی معنوں میں ایک فلاحی ریاست کی بنیاد ہے۔
تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی شازیہ حیات ترین نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے ریاست مدینہ کا عملی نمونہ دیکھنا ہو تو دھی رانی پروگرام کو دیکھ لے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے دھی رانی پروگرام لانچ کر کے والدین کیلئے ایک شفیق بیٹی اور قوم کے بیٹوں کیلئے ایک شفیق ماں بن کر دکھایا ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کا کہنا تھا کہ دھی رانی پروگرام نے معاشرے کی ناہمواریوں کا خاتمہ کیا ہے جو وزیر اعلیٰ پنجاب کا تاریخ ساز اقدام ہے۔
سیکرٹری سماجی بہبو د و بیت المال جاوید اختر محمود کا کہنا تھا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت اس سال 3 ہزار سے زائد جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کرائی گئیں ہیں۔
بعد ازاں پارلیمنٹیرینز نے تمام نوبیاہتا جوڑوں کو زندگی کے نئے سفر کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر شادی شدہ جوڑوں اور ان کے والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں ارم شہزادی موجود تھے۔