بھارت کے سارے جھوٹ دنیا کے سامنے آگئے ہیں،بھارتی قوم اپنی فوج کے ساتھ نہیں کھڑی ،خالد محمود کھوکھر

23

ملتان ،04  مئی (اے پی پی):صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے کہاہے کہ بھارت کے سارے جھوٹ دنیا کے سامنے آگئے ہیں،بھارت پوری دنیا کا امن تباہ کررہا ہے۔بھارتی قوم اپنی فوج کے ساتھ نہیں ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے ملتان پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔خالد محمودکھوکھر نے مزید کہا کہ آج ہم سندھی، پنجابی،بلوچی اور پٹھان نہیں بلکہ سب پاکستانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے محب وطن صحافیوں کو بھارت نے بین کردیاکیونکہ بھارت اپنی عوام کوسچ دکھانا نہیں چاہتا اسی لیے صحافیوں سمیت ہمارے نیوزچینلز کو بھی بین کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کوئی ہوا،پانی اور آگ کو کنٹرول نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی پانی روک کر دکھائے بھارت کی عوام اسی پانی میں ڈوب مرے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کارگل،پلواما پر جھوٹ بولا،اب بھارت کے سارے جھوٹ دنیا کے سامنے آگئے ہیں۔

کسان رہنما خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے،پانی ہماری زندگی ہے۔اگر بھارت نے پاکستان کی طرف میلی نظر سے دیکھا توبھارت کی پوری معیشت کو تباہ کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پوری دنیا کا امن تباہ کررہا ہے،دنیا کا کوئی ملک بھارت سے خوش نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ خالد محمود کھوکھر نے مزید کہا کہ ہمارے فوجی کی پہلی خواہش شہادت ہوتی ہے،پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔