پنجاب ہائی وے پٹرول کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں، بھاری مقدار میں اسلحہ، منشیات اور چوری شدہ گاڑیاں برآمد

47

ملتان ، 04 مئی (اے پی پی): پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) نے اپریل 2025 کے دوران صوبہ بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے سینکڑوں ملزمان کو گرفتار کیا اور مختلف جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے۔

ڈی آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول ڈاکٹر اطہر وحید نے بتایا کہ ہماری اولین ترجیح ہائی ویز کو جرائم سے پاک رکھنا ہےاور کہا  قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق ماہ اپریل میں درج ذیل اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں:

ناجائز اسلحہ: 77 مقدمات درج، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

منشیات: 2086 لیٹر شراب، 4730 گرام چرس اور 100 گرام آئس برآمد

اشتہاری و مفروران: 492 اشتہاری مجرم اور عدالتی مفرور گرفتار

گمشدہ بچے: 64 بچوں کو ان کے اہل خانہ تک پہنچایا گیا

شہری امداد: 12,173 ہیلپ فراہم کی گئیں

ناجائز تجاوزات: 4232 تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، جن میں مستقل نوعیت کی تجاوزات بھی شامل تھیں

چوری شدہ گاڑیاں: 280 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد

اوور لوڈنگ: 45,091 گاڑیوں کے خلاف ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر کارروائی

غیر قانونی گیس سلنڈر: 1259 مقدمات درج

پولیس خدمت مراکز: 18,125 شہریوں کو مختلف خدمات فراہم

ڈرائیونگ لائسنس: 23,293 لائسنس جاری کیے گئے

ترجمان پی ایچ پی کے مطابق پولیس ایپ کے ذریعے 3.8 ملین افراد اور 1.6 ملین گاڑیوں کی چیکنگ بھی کی گئی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پی ایچ پی کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی، شہریوں کی خدمت اور تحفظ کیلئے خلوص نیت سے فرائض انجام دیے جائیں۔