حنیف عباسی کا گولڑہ اور مارگلہ اسٹیشن کی تجدید سے متعلق اہم اجلاس، جدید سہولیات کی فراہمی پر زور

26

اسلام آباد، 19 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت گولڑہ اور مارگلہ ریلوے اسٹیشنز کی تجدید اور بہتری سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسٹیشنز کو عوام دوست اور جدید بنانے کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا گیا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے، جہاں وہ نہ صرف سفر کے لیے آئیں بلکہ تفریح اور سکون کے لمحات بھی گزار سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ گولڑہ اور مارگلہ اسٹیشن پر جدید طرز کے ریسٹورنٹ قائم کیے جائیں گے جن کی مینجمنٹ آؤٹ سورسنگ کے تحت نجی شعبے کے حوالے کی جائے گی۔ عوام جب چاہیں ان مقامات پر آکر خوشگوار ماحول سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

مزید برآں، اسٹیشنز پر جدید الیکٹرک پولز نصب کیے جائیں گے جبکہ صاف ستھری اور آرام دہ بینچز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ مسافروں کو بیٹھنے کے لیے بہتر سہولیات میسر ہوں۔

وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ شام کے وقت ان اسٹیشنز کا پر فضا ماحول عوام کے لیے ایک تفریحی مقام کی صورت اختیار کرے گا۔ آس پاس کے تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کے لیے بھی جدید کیفیٹیریا تعمیر کیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریلوے اسٹیشنز کو جدید، ماحول دوست اور عوامی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کے لیے منصوبہ بندی اور عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔