محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کے کریک ڈاؤن میں 15 بٹیر اور 20 تیتر کے بچے برآمد، ایک ڈیلر گرفتار

0

لاہور، 03 مئی (اے پی پی):محکمہ وائلڈ لائف کا صوبہ بھر میں جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت اور اسمگلنگ کے خلاف کومبنگ آپریشن جاری ہے۔ ترجمان محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق وائلڈ لائف پنجاب کی ٹیموں نے لاہور سمیت تین اضلاع خوشاب، بھکر اور لیہ میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 15 بٹیر اور 20 بھورے و کالے رنگ کے تیتر کے بچے برآمد کرلیے۔ کوٹ مومن سے بذریعہ ٹرانسپورٹ چھ تیتر کے بچوں کو لاہور منتل کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا، برآمد شدہ پرندوں کو جلو وائلڈ لائف پارک منتقل کردیا گیا ہے۔ مزید کارروائیوں کے دوران نور پور تھل سے 8، بھکر سے 2 اور لیہ سے 4 تیتر کے بچے برآمد ہوئے جنہیں منی زو بھکر منتقل کر دیا گیا۔ خوشاب کی تحصیل نور پور تھل سے ایک ڈیلر کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کے مطابق بریڈنگ سیزن کے دوران جنگلی پرندوں کو نیٹنگ کے ذریعے پکڑ کر فروخت کرنے والے پوچرز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔  صوبے کے تمام ریجنز میں غیر قانونی شکار اور خرید و فروخت کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

  سینئر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت مریم اورنگزیب نے ان کارروائیوں کو جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت پنجاب جنگلی جانوروں اور پرندوں کے قدرتی ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔