ملتان،03 مئی (اے پی پی):ملتان کریسنٹ لائنز کلب کا ماہانہ اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت سینئر نائب صدر پروفیسر اعظم حسین نے کی۔سیکرٹری کلب محمد زمان خان اعوان نے کلب کی گزشتہ ماہ کی سرگرمیوں اور جاری منصوبوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس میں تعلیم، صحت، ماحولیاتی بہتری اور فلاحی امداد کے مختلف شعبہ جات شامل تھے۔
پروفیسر اعظم حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائنز کلب صرف ایک فلاحی تنظیم نہیں بلکہ انسانی خدمت کا ایک مشن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کلب کے اراکین اپنی ذاتی دلچسپی اور مالی وسائل کے ذریعے مختلف منصوبوں کو کامیابی سے چلا رہے ہیں اور کہا کہ ہماری اولین ترجیح محروم طبقات کی مدد اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔
زون چیئرپرسن چوہدری الطاف شاہد نے اپنے خطاب میں لائنز تحریک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملتان میں لائنز کلبز میں شمولیت اختیار کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ 305-این ون میں سرگرم کلبز مل کر انسانی خدمت کے ایسے مثالی منصوبے شروع کر رہے ہیں، جن کے اثرات نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ قومی سطح پر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں کلب کے عہدیداران، اراکین نے شرکت کی۔